government of punjab 34

کورونا سے جنگ، پنجاب حکومت کتنے ارب کا فنڈ قائم کررہی ہے؟

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت نے بھاری رقم مختص کردی،کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت نے 5ارب کا خصوصی فنڈ قائم کیا ہے۔اس سے قبل حکومت نے 27فروری کو23کروڑ60 لاکھ روپے مختص کئے تھے۔

فنڈز کے قیام کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی صدارت میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیاگیاہے۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر رکن بورڈ آف ریونیو اوردیگر افراد بھی شریک تھے۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب نے ماسک اور سینیٹائزر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاتفریق کریک ڈاو¿ن اور مذکورہ اشیا کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔سردار عثمان کا کہنا تھا صوبائی حکومت نے محکمہ صحت کو 23 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کئے، پھر ایک ارب روپے مختص کیے اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کےلئے مزید وسائل بھی دیں گے۔

انہوں نے تشخیصی کٹس جلد منگوانے کےلئے ہر ممکن اقدام کی ہدایت کی اور کہاپنجاب حکومت تفتان میں اپنے وسائل سے قرنطینہ مرکز قائم کرنا چاہتی ہے۔عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے اور ادارے بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں رہ کر مزید اقدامات کریں۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کو رات 7 یا 8 بجے بند کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کو صوبے میں کورونا کے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی اورآئندہ کا لائحہ عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔

خیال رہے کہ پنجاب میں اس وقت کورونا کے 33 مریض ہیں۔ پنجاب حکومت نے کورونا کنٹرول کیلئے دوسو چھتیس ملین فنڈز اور تین اسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے قرنطینہ قائم کردیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے ایک ہزار بیڈز کا عارضی فیلڈ اسپتال بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس کیلئے ابتدائی طور پر بجٹ کا تخیمہ ڈھائی سو ملین لگایا گیا ہے۔ ہسپتال کے قیام کیلئے ایکسپو سنٹر، نشتر پارک اسپورٹس کمپلکس اور کالا شاہ کاکو کے علاقے زیرغور ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور تین سو دس افراد متاثر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں